You are currently viewing Allah Ka Khouf

Allah Ka Khouf

“Allah KA Khouf” has been extracted from the book “Fughane-E-Darwaish” which has been published in 2018. the book is based on the short articles of professor Haroon Ur Rashid, about ideology of Islam and society.

اللہ کا خوف

بحر و بر میں فساد برپا ہے۔ ہر طرف افراتفری کا عالم ہے۔ معاشرے میں ایک ہیجان سا ہے۔ ہر شخص نے مفاد پرستی کو اپنا شعار بنا رکھا ہے۔ جائز، ناجائز کی تمیز اٹھ گئی ہے۔ کرپشن، رشوت ستانی، دھوکا، فریب، منافع خوری اور چور بازاری عام ہے۔ لوٹ مار، چوری ڈکتی، ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی ان پر مستزاد ہے۔ ایسا کیوں ہے؟ کیا ہم نے کبھی اس پر غور کیا ہے؟ ان تمام خرابیوں کی واحد وجہ یہ ہے کہ لوگوں کے دلوں میں اللہ کا خوف نہیں رہا۔ اگر دل میں اللہ کا خوف ہو تو آدمی کسی مجرمانہ فعل میں ملوث نہیں ہو سکتا۔ یہ عجیب بات ہے کہ کوئی خود کو مسلمان بھی کہے اور اس کے دل میں اللہ کا خوف نہ ہو۔ ایک مومن کا دل اللہ کے خوف سے کس طرح خالی ہو سکتا ہے۔ اللہ کی ناراضی اوراس کے غضب سے وہ کس طرح بے پرواہ ہو سکتا ہے؟ ایک مسلم معاشرے کے لیے یہ ایک بڑا سوال ہے۔ اللہ کی پناہ! زیادہ سے زیادہ پیسہ کمانے کے لیے لوگوں کو مردہ اور حرام جانوروں کا گوشت کھلایا جا رہا ہے۔ کوئی اللہ کا خوف رکھنے والا شخص ایسا کام کر سکتا ہے؟ اللہ کا خوف ہی انسانوں کو ہر قسم کے گناہوں، برائیوں، ناانصافی اور مظالم سے روکتا ہے۔ معاشرے میں اللہ کا خوف پیدا کیجئے۔ بچوں کی اس طرح تعلیم و تربیت کیجئے کہ ان میں اللہ کا خوف پیدا ہو۔ شاید انسان کی فطرت مین سرکشی اور نافرمانی شامل ہے۔ اس کے لیے اسلام کی سخت سزائیں ہیں۔ اسلامی سزائیں نافذ کر دیجیے۔ پھر دیکھیے معاشرے میں کیسا امن و امان قائم ہوتا ہے۔ لیکن ہمارے معاشرے میں ہمارے ملک میں اسلامی سزاؤں کا نفاذ نہیں۔ ایسی حالت میں اللہ کا خوف ہی برائیوں اور خرابیوں کے خلاف سدِّ راہ ہو سکتا ہے۔ یاد رکھیے! وہ مومن نہیں جس کے دل میں اللہ کا خوف نہیں۔

Leave a Reply